ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میں صدر بنا تو ہلیری کلنٹن جیل میں ہوں گی: ڈونالڈ ٹرمپ، صدارتی مباحثے میں ہیلری کلنٹن نے بھی اپنے حریف کی خوب تنقیدکی

میں صدر بنا تو ہلیری کلنٹن جیل میں ہوں گی: ڈونالڈ ٹرمپ، صدارتی مباحثے میں ہیلری کلنٹن نے بھی اپنے حریف کی خوب تنقیدکی

Mon, 10 Oct 2016 16:07:41    S.O. News Service

نیویارک،10؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی شہر سینٹ لوئیس سے آج صبح ارب پتی بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بیان ہلیری کلنٹن کے ساتھ ٹیلی وژن پر اپنے اس لائیو نشر کیے جانے والے مباحثے میں دیا، جسے امریکا میں اور امریکا سے باہر کروڑوں افراد نے براہ راست دیکھا۔ اس مباحثے کے دوران، جو دونوں صدارتی امیدواروں کے مابین مجموعی طور پر تین میں سے اب تک کا دوسرا ٹی وی مباحثہ تھا، ڈونلڈ ٹرمپ نے مقامی وقت کے مطابق اتوار نو اکتوبر کی رات اپنی قدرے غیر مقبول ہوتی جا رہی صدارتی انتخابی مہم کو بچانے کئی کوششیں کیں۔اس دوران ہلیری کلنٹن کی طرف سے بھی اپنے حریف امیدوار پر کافی تنقید کی گئی لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات میں امریکی سیاست میں غیر معیاری بیانات کی جنگ اپنی ایک ایسی نچلی سطح تک پہنچ گئی، جو اس سے پہلے شاید ہی کبھی دیکھنے میں آئی تھی۔اس مباحثے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ اگلے ماہ کے اوئل میں ہونے والے صدارتی انتخابات جیت گئے، تو ہلیری کلنٹن کو جیل جانا پڑے گا۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کے شوہر اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن پر جنسی حوالے سے بدکرداری کا الزام بھی عائد کیا۔

جس وقت ٹرمپ ہلیری کلنٹن اور بل کلنٹن پر یہ الزامات لگا رہے تھے، اس وقت وہاں موجود اور اس مباحثے کو لائیو دیکھنے والی شخصیات میں خود سابق صدر بل کلنٹن بھی موجود تھے اور تین ایسی خواتین بھی، جنہوں نے ماضی میں بل کلنٹن پر جنسی دست درازی کے الزامات عائد کیے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ابھی چند روز قبل ہی ایک ایسی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی، جس میں انہیں خواتین کے بارے میں بہت نازیبا اور غیر اخلاقی باتیں کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں اپنی تقریر میں ٹرمپ نے اپنی اس لاکر روم بات چیت کے حوالے سے ناظرین اور سامعین سے معذرت تو کی، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہلیری کلنٹن کے شوہر اور سابق صدر بل کلنٹن تو ماضی میں خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتیاں بھی کرتے رہے ہیں۔ٹرمپ نے مزید کہا، اگر آپ بل کلنٹن کی طرف دیکھیں، تو ان کی مثال تو کہیں زیادہ بری ہے۔ میرے تو صرف الفاظ تھے، وہ تو عملاایسا کر بھی گزرے تھے۔اس موقع پر 70سالہ ٹرمپ نے سابقہ خاتون اول اور سابقہ وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن پر یہ الزام بھی لگایا کہ ہلیری کلنٹن کے دل میں نفرت ہے۔ اگر میں صدر بن گیا، تو ہلیری کلنٹن کو جیل جانا ہو گا۔اس کے جواب میں ہلیری کلنٹن نے اس مباحثے میں یہ موقف اختیار کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خواتین کے بارے میں بیانات پر مبنی جو ویڈیو ابھی حال ہی میں منظر عام پر آئی، وہ ٹرمپ کی اصل شخصیت کی عکاسی کرتی ہے۔ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ پر جوابی تنقید کرتے ہوئے مزید کہا، یہ ہیں اصلی ڈونلڈ ٹرمپ۔ اور ہم سب اور ہمارے ملک کو جس بڑے سوال کا سامنا ہے، اس کا جواب یہ ہے کہ ہم اور امریکا وہ نہیں ہیں، جو ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔


Share: